نئی دہلی ،17؍نومبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) این جی ٹی نے دہلی این سی آر میں تعمیراتی سرگرمیوں پر عائد پابندی آج ہٹالی اور قومی دارالحکومت میں ٹرکوں کے داخلہ کی بھی اجازت دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان کی نقل و حرکت پر سخت نگاہ رکھنے کا بھی حکم دیا۔اگرچہ اتھارٹی نے قومی دارالحکومت علاقہ میں آلودگی پھیلانے والی صنعتی سرگرمیوں پر عائد پابندی ہٹانے سے صاف انکار کر دیا ہے۔اتھارٹی کے صدر جسٹس سوتنتر کمار کی بنچ نے کہا صنعتی سرگرمیوں، ردی کی ٹوکری اور پرالی جلانے سے ہونے والے اخراج کے ضمن میں تمام احکامات نافذ رہیں گے ۔ اتھارٹی نے پڑوسی ریاست پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش اور راجستھان کو دو ہفتے کے اندر آلودگی کو روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر ان کے منصوبہ پر معاوت کا بھی حکم دیا ہے ۔ بنچ نے ایسٹرن پیری فیرل ایکسپریس وے کی تعمیر کو ہری جھنڈی دے دی؛ لیکن کہا ہے کہ مٹی سے آلودگی پیدا نہیں ہو نی چاہئے۔کارروائی دن میں سوا گیارہ بجے شروع ہونے والی تھی؛ لیکن جسٹس دلیپ سنگھ کی ریٹائرمنٹ کاحوالہ دیتے ہوئے بنچ نے خود ہی ساڑھے دس بجے سماعت شروع کی اورہدایات جاری کیں۔بنچ نے کہاکہ طاق وجفت منصوبہ بندی پر وہ دہلی حکومت کی دوسری درخواست پر آج سماعت کرے گی۔